نئی دہلی 16/دسمبر (ایس او نیوز/وی بی/ ایجنسی) نریندر مودی حکومت کے نوٹ بندي کے فیصلے سے صرف عام عوام ہی پریشان نہیں ہوئےہیں، بلکہ مودی کی حمایت کرنے والے اور اُن کے ساتھ اُٹھنے بیٹھنے والے بھی پریشان ہیں، مگر سمجھا جارہا ہے کہ کوئی مودی کے خلاف منہ نہیں کھول رہا ہے، البتہ کبھی کالا دھن کے خلاف مہم چھیڑنے والے اور مودی کے ساتھ کھڑے ہونے والے بابا رام دیو نے آج اچانک اپنا منہ کھول دیا ہے اور اس بات کا نہایت سنگین الزام عائد کیا ہے کہ نوٹ بندي کے فیصلے کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا کے حکام نے مل کر تین سے پانچ لاکھ کروڑ تک کا گھوٹالہ کیا ہے.
بابا رام دیو نے ایک نیوز پورٹل کے ساتھ خصوصی بات چیت میں یہ سنگین الزام لگایا ہے. جے پور میں ایک پروگرام کے دوران بات چیت میں انہوں نے نوٹ بندی کو فلاپ بتایا. ان کے مطابق، نئے نوٹوں کی فراہمی میں بڑا گھوٹالہ ہوا ہے. یہ تین لاکھ کروڑ سے لے کر پانچ لاکھ کروڑ تک ہو سکتا ہے.
نیوز پورٹل پر بابا رام دیو سے بات چیت کی ویڈیو موجود ہے. اس میں رام دیو یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ 'مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہزاروں نہیں، شاید لاکھوں کروڑ روپے بینک والوں نے بنا لئے ہیں. تین سے پانچ لاکھ کروڑ کا گھوٹالہ اس میں ملے گا. '
وہ مزید کہتے ہیں، 'کیش کی کمی نہیں تھی. کیش سارا کا سارا بے ایمان لوگوں کو دے دیا گیا. اسے لاگو کرنے میں کچھ چیزوں کو درست کیا جا سکتا تھا. مجھے ایسا لگتا ہے کہ مودی جی نے بھی اتنا نہیں سوچا ہوگا کہ بینک والے اتنے بے ایمان نکلیں گے. ' ان کے مطابق، یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے. یہ ملک کے نظام پر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے.
انہوں نے کہا، 'شک ریزرو بینک کے بھی کچھ لوگوں پر ہے. جو کہ بہت بدقسمتی کی بات ہے اور بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ہمارے نظام پر. ' ان کا کہنا ہے کہ آر بی آئی نے ایک سیریز کے بہت سے نوٹ چھاپے. اب اسے آر بی آئی نے چھاپے، یا یہ کانگریس کے وقت کے بھی ہو سکتے ہیں، لیکن ایک سیریل نمبر کے دو نوٹ ملے. یہ ملک کی معیشت پر بہت بڑا داغ ہے. '
خیال رہے کہ اس سے پہلے بابا رام دیو نے نوٹ بندی کو لے کر کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک تاریخی فیصلہ لیا ہے اور اس فیصلے سے کالے دھن پر لگام لگے گا ساتھ ہی ملک کی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا اور جرائم پر بھی روک لگے گی۔ بابا رام دیو نے پرانے پانچ سو اور ہزار روپئے کے نوٹ بند کرنے پر عوام سے متحد ہوکر حکومت کا ساتھ دینے کی بھی اپیل کی تھی۔ لیکن اب رام دیو نے صاف طور پر کہا ہے کہ اس نوٹ بندی سے بہت بڑا گھوٹالہ ہوا ہے۔
بابا رام دیو نے متعلقہ نیوز پورٹل کے ساتھ بات چیت میں کیا کہا۔ اس کی وڈیو کلپ ذیل میں دی جارہی ہے: